حوثیوں کا سعودی عرب پر 24 گھنٹوں میں 28 فضائی حملوں کا الزام

*یمن میں کشیدگی میں اضافہ، سعودی عرب پر 28 فضائی حملوں کا الزام*

 

یمن میں حوثی گروپ اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

 

حوثیوں نے الزام لگایا ہے کہ سعودی عرب نے 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں 28 فضائی حملے کیے ہیں۔

 

دوسری جانب سعودی اتحاد کا دعویٰ ہے کہ حوثیوں نے دارالحکومت ریاض پر بیلسٹک میزائل داغا جسے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اتحاد کے مطابق ینبع سمیت مغربی سعودی عرب میں شہری تنصیبات پر حملوں کی کوششیں بھی ناکام بنا دی گئیں۔

 

کشیدگی کے باعث سعودی تیل برآمدات اور بحیرہ احمر میں سمندری آمدورفت متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ملازمین کے طائف اور ینبع کے سفر پر پابندی لگا دی ہے جبکہ امریکی سفارت خانے نے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

ادھر سی آئی اے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔