محسن نقوی نے اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کو خبردار کر دیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا کوئی وزیر شہدا کے جنازوں میں شریک نہیں ہوا، حالانکہ یہ پاکستان کے شہید ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، انہیں انتہا تک نہیں لے جانا چاہیے۔

محسن نقوی نے خبردار کیا کہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے کہ معاملات کو بند گلی میں لے جانے سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے قانون کے مطابق ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، جبکہ پی ٹی آئی قیادت میں بھی اکثریت لانگ مارچ کے حق میں نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا رات کو اسپتال میں طبی معائنہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو خود بھی واضح طور پر معلوم نہیں کہ ان کے مطالبات کیا ہیں۔