*پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر تک جانے کا خدشہ، وزیر پیٹرولیم کا بیان*
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول ایک ہزار روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عالمی خام تیل کی منڈیوں میں بھونچال آیا ہوا ہے جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑ رہا ہے۔ حکومت کی پہلی ترجیح پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اگر تیل کی قلت پیدا ہوئی تو صورتحال سنگین ہو سکتی ہے، ایسے میں ایک ہزار روپے میں بھی پیٹرول دستیاب نہیں ہوگا۔ حکومت تیل کی دستیابی اور قیمتوں کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے اور سپلائی کے متبادل ذرائع پر کام جاری ہے۔ ستمبر اور اکتوبر کی ضروریات محفوظ بنا لی گئی ہیں، نومبر کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل 90 فیصد مہنگا ہوا، پاکستان میں 50 فیصد اثر منتقل کیا گیا۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے، وسائل کی کمی کے باوجود ریلیف کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جا رہا ہے، جس کے لیے اب تک 20 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔






