علامہ ناصر عباس نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں لانگ مارچ اور بانی پی ٹی آئی سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک صحافی نے علامہ ناصر عباس سے سوال کیا کہ کیا اس ہفتے ان کی محسن نقوی سے ملاقات ہوئی ہے؟ جس پر راجہ ناصر عباس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بالکل ملاقات ہوئی ہے، جس دوران عمران خان کے معاملات اور لانگ مارچ سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات محسن نقوی کی خواہش پر ہوئی، انہوں نے کسی سے ملاقات کی درخواست نہیں کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملاقات کے لیے ان کے گھر آئیں یا دفتر، وہ ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
علامہ ناصر عباس نے بتایا کہ محسن نقوی ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پر آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں، اس لیے محسن نقوی کی ان سے ملاقات غیر فطری نہیں ہے۔ یہ ملاقات نہ غیر فطری ہے اور نہ ہی انہونی، اس میں کوئی پراسرار بات نہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے مطالبات سب کے سامنے ہیں۔





