اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سزا معطلی کی اپیل کی جلد سماعت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کر لیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کی آنکھوں کی بیماری دوبارہ لاحق ہو گئی ہے جبکہ جیل میں علاج کی سہولتیں ناکافی ہیں اور مزید تاخیر سے باقی ماندہ بینائی اور مجموعی صحت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 54 سالہ بشریٰ بی بی سابق خاتون اول ہیں اور اڈیالہ جیل میں 7 سال قید کاٹ رہی ہیں۔ انہیں 17 جنوری 2025 کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہیں نیب آرڈیننس کے تحت معاونت اور اکسانے کے الزام میں سزا دی گئی جبکہ سزا کے خلاف اپیل سماعت کی منتظر ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے مفاد میں اپیل کو 21 ستمبر 2026 سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر کیا جائے کیونکہ طویل تاخیر سے پہلے ہی نقصان ہو چکا ہے۔ درخواست میں وضاحت کی گئی کہ یہ معاملہ صرف تاخیر سے متعلق ہے اور اس مرحلے پر مرکزی اپیل کے میرٹ پر غور کی ضرورت نہیں۔






