پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو اسلام آباد کے علاقے نیلور جاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اپوزیشن حسین احمد یوسفزئی کے مطابق سلمان اکرم راجا دیگر رہنماؤں کے ساتھ پارٹی کارکن اعجاز ستی کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی کہا گیا کہ پولیس نے جنازے میں شرکت کے لیے جانے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق کوٹلی ستیاں جاتے ہوئے سلمان اکرم راجا، رکن قومی اسمبلی لطاسب ستی سمیت دیگر افراد کو حراست میں لے کر نیلور پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ پہلے کارکن اعجاز ستی کو شہید کیا گیا اور اب جنازے میں شرکت سے روکنے کے لیے گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی پنجاب کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری شوکت بسرا نے بھی کہا کہ جنازے میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے اسلام آباد پولیس نے انہیں روک لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سلمان اکرم راجا گزشتہ دو گھنٹے سے پولیس اسٹیشن میں ہیں، انہیں شوکت بسرا کے ذریعے اطلاع ملی۔ انہوں نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے حراست کی وجوہات یا کسی مقدمے کی تفصیل تاحال جاری نہیں کی گئی۔






