لاہور: صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو پنجاب میں داخلے پر سکیورٹی فراہم کرکے ایک ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بارہا سہیل آفریدی کے عملے اور خیبرپختونخوا حکومت سے روٹ کے بارے میں پوچھا، لیکن کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ سہیل آفریدی کی نازیبا اور غیر پارلیمانی گفتگو کے باوجود پنجاب پولیس نے انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وجہ سے شہری سارا دن پریشان رہے اور مریض ایمبولینسز میں پھنسے رہے، جس پر سہیل آفریدی کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی اپنے گارڈز کے ہمراہ پولیس کی گاڑی پر سیر و تفریح کرنے کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے، جن پر عوام نے کان نہ دھرے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔






