گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس اور روٹ پرمٹ معطل ہونا شروع

لاہور: سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے کارروائیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اب دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جائیں گے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ ان کے روٹ پرمٹ بھی معطل کیے جائیں گے۔ رواں ماہ دھواں چھوڑنے اور آلودگی کا باعث بننے والی 34 گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کیے جاچکے ہیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر آلودگی پھیلانے والا سامان لے جانے والی 3 ہزار 752 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ بغیر فٹنس اور خستہ حال 12 ہزار 272 گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ خطرناک حد تک اوور لوڈنگ کرنے والے 5 ہزار 210 ہیوی وہیکلز کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔ سموگ تدارک مہم کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 54 ہزار 890 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ سموکی وہیکلز کی درستگی کے لیے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی ارسال کیے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے واضح کیا کہ سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔