لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو ملک گیر احتجاج اور لانگ مارچ کے لیے پنجاب بھر میں تفصیلی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ وسطی پنجاب میں لاہور اور فیصل آباد کو احتجاج کا مرکزی مقام بنایا جائے گا، جبکہ جنوبی پنجاب کے رہنما اور کارکن احتجاج میں شرکت کے لیے خیبرپختونخوا ہاؤس کا رخ کریں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی کے اندر مشاورت میں طے کیا گیا ہے کہ ضلع لاہور، قصور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کے رہنما اور کارکن 27 ستمبر کو لاہور میں بھرپور احتجاج کریں گے۔
منصوبے کے مطابق 26 ستمبر کی رات ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور کارکن مال روڈ پر اکٹھے ہوں گے، جبکہ 27 ستمبر کو مال روڈ پر بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ وسطی پنجاب میں لاہور کے لیے شٹر ڈاؤن کی کال دینے کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں بھی اسی روز بھرپور احتجاج ہوگا۔ جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما، کارکن اور ورکرز فیصل آباد گھنٹہ گھر کے قریب اکٹھے ہوں گے اور شہر کو اس روز بند کرنے کی کال دی جائے گی۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ اپر پنجاب میں احتجاج لاہور اور فیصل آباد میں ہوگا، جبکہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی ارکان، رہنما اور کارکن خیبرپختونخوا کا رخ کریں گے۔
جنوبی پنجاب کے ہر رہنما کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ 15 سے 20 افراد لازمی لے کر 26 ستمبر کو خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچیں۔
پارٹی کے مطابق یہ پرامن احتجاج ہوگا اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔






