وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔ اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی، جبکہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ موٹرسائیکل اور چنگچی مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر تک رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔
وزارتِ آئی ٹی کے مطابق نادرا، ٹیلی کام آپریٹرز اور صوبائی محکموں کے تعاون سے خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنے نام پر جاری سم سے مقررہ فارمیٹ کے مطابق ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا، جس میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔ کامیاب رجسٹریشن کی صورت میں موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا، جبکہ گاڑیوں کی تصدیق صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے ذریعے خودکار نظام سے کی جائے گی۔
رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے لیے پیٹرول پمپ جانے سے قبل TOK لکھ کر 9771 پر بھیجنا ہوگا۔ موصول ہونے والا ٹوکن دکھانے پر رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں اس سہولت کا آغاز پیر اور منگل کی درمیانی شب جبکہ ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے اس خصوصی ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔






