پٹرولیم لیوی مذاکرات، لیاقت بلوچ سے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی گئی

*حکومت نے جماعت اسلامی سے پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کے لیے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی*

 

اسلام آباد: حکومت نے جماعت اسلامی سے پٹرولیم لیوی کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے ایک روز کی مزید مہلت طلب کر لی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم نے درخواست کی کہ پٹرولیم لیوی پر مذاکرات پیر کے بجائے منگل کو کیے جائیں۔

 

لیاقت بلوچ نے تصدیق کی کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی پر مذاکرات اب منگل کو ہوں گے جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر بات چیت بدھ کو شیڈول ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے ایک کمیٹی پٹرولیم لیوی اور دو کمیٹیاں آئی پیز کے معاملے پر تشکیل دے رکھی ہیں۔

 

اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ “حکومت پٹرول مہنگا کر کے عوام کی توہین کر رہی ہے، ہم اسلام آباد آ کر اپنا موقف پیش کریں گے”۔

 

واضح رہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کا تیسرا دور ابتدائی طور پر پیر کو ہونا تھا۔