کراچی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

شہر میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے وابستہ ایک انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک کردیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گلبائی شیرشاہ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مطلوب دہشتگرد مارا گیا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت قاری ضیا الرحمٰن عرف قاری سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے بتایا گیا ہے۔ کارروائی کے بعد اس کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔

رینجرز کے مطابق قاری سیف اللہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے کیمپوں پر متعدد حملوں میں مطلوب تھا۔ وہ 2006 میں فتنہ الخوارج کے گروہ میں شامل ہوا اور افغانستان میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کرچکا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے کراچی پہنچا تھا اور شہر میں دہشتگرد نیٹ ورک منظم کرنے کے ساتھ حساس مقامات پر کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا، جبکہ برآمد ہونے والے اسلحے اور بارود کی مزید جانچ جاری ہے۔