کرم میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، افغان خارجی سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

کرم ڈسٹرکٹ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم فتنۃ الخوارج سے وابستہ افغان شہری عبید اللہ سعد سمیت 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق 8 ستمبر 2026 کو کی گئی کارروائی میں عبید اللہ سعد اپنے 3 ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ کا رہائشی اور کالعدم فتنۃ الخوارج سے وابستہ تھا، جو پاکستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کرنے والے ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے امن و سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔