خیبر پختونخوا کی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صحت کارڈ کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے بڑی سہولت دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صحت کارڈ پلس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پروگرام کو مزید منظم، موثر اور دیرپا بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صحت کارڈ کے تحت مہنگے علاج کی کوریج بڑھانے، سروس ریٹس میں اضافے اور سرکاری ملازمین کے لیے ٹاپ اَپ ہیلتھ پیکج متعارف کرانے کی تجاویز دی گئیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم ان کی اولین ترجیحات ہیں اور بنیادی صحت مراکز میں اصلاحات کا مقصد عوام کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین صحت سہولتیں فراہم کرنا حتمی ہدف ہے اور ہدایت کی کہ صحت و تعلیم کے امور بروقت نمٹائے جائیں اور صحت کارڈ کی سہولت کے غلط استعمال کا سدباب کیا جائے۔






