پاکستانی دفتر خارجہ کے نئے ترجمان سفیر سجاد حیدر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے اور آج اپنی پہلی نیوز بریفنگ میں ملکی اور علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق سجاد حیدر خان نے 2 ستمبر 2026 کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ وہ اس کے ساتھ ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔
سجاد حیدر خان نے فروری 2000 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے سیاسیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی تعلیم حاصل کی۔
اپنے سفارتی کیریئر کے دوران وہ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر افریقہ، ڈائریکٹر امریکا، ڈائریکٹر آرگنائزیشن اینڈ کیریئر پلاننگ، ڈائریکٹر فارن سروس اکیڈمی، ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور اور ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک سمیت مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کی بیرون ملک سفارتی تعیناتیوں میں شام، ہنگری، جرمنی اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ وہ اکتوبر 2020 سے دسمبر 2024 تک بیلاروس میں پاکستان کے سفیر بھی رہے۔
سجاد حیدر خان نے پاکستان اور بیرون ملک مختلف پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز میں شرکت کی، جن میں سعودی عرب، ملائیشیا، امریکا، جرمنی اور انڈونیشیا کے پروگرام شامل ہیں۔
وہ اردو، انگریزی، عربی اور بلتی زبانیں بولتے ہیں جبکہ جرمن، بہاسا انڈونیشیا اور روسی زبانوں سے بھی بنیادی واقفیت رکھتے ہیں۔
سجاد حیدر خان کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے اور ان کا آبائی گاؤں کواردو سکردو، بلتستان میں واقع ہے۔ بطور ترجمان وزارت خارجہ ان کی تعیناتی پر گلگت بلتستان میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر انہیں مبارک بادیں دی جارہی ہیں۔






