27 سالہ انفلوئنسر کاسمیٹک سرجری کے دوران چل بسیں

فن لینڈ کی 27 سالہ انفلوئنسر اولیویا اوراس کاسمیٹک سرجری کے دوران انتقال کر گئیں۔

رپورٹس کے مطابق اولیویا ہیلسنکی کے ایک نجی بیوٹی کلینک میں کاسمیٹک طریقۂ کار سے قبل بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے دوران ہوش کھو بیٹھیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

اولیویا کے والدین کے مطابق ان کی بیٹی بے ہوشی کی دوا دیے جانے کے بعد اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

ہیلسنکی پولیس کا کہنا ہے کہ اولیویا کی موت کے تین روز بعد باقاعدہ تحقیقات کی درخواست موصول ہوئی، جس کے بعد واقعے میں ممکنہ جرم کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

اولیویا کے والدین کا شبہ ہے کہ کاسمیٹک طریقۂ کار انجام دینے والے کلینک کی جانب سے کسی ممکنہ غلطی کے باعث یہ واقعہ پیش آیا، تاہم تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی۔

اولیویا اوراس نے 14 سال کی عمر میں انسٹاگرام کا آغاز کیا تھا اور مختصر عرصے میں ہزاروں فالوورز حاصل کرلیے تھے۔ 2016 میں دستاویزی فلم ’دی پرفیکٹ سیلفی‘ کے ذریعے انہیں مزید شہرت ملی، جس میں تقریباً ڈیڑھ سال تک سوشل میڈیا کے ساتھ ان کے تعلق اور زندگی کو دکھایا گیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کردیا اور 2017 میں ایمسٹرڈیم منتقل ہوگئیں۔ فن لینڈ واپسی کے بعد انہیں نیند کی گولیوں اور شراب کی لت کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے علاج کروایا اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔