v
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی تقاضے پورے ہونے اور پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہونے کی صورت میں ملک میں نئے صوبوں کا قیام ممکن ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے پارلیمنٹ اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی منظوری ضروری ہوگی۔ ان کے مطابق یہ ایک قانونی اور پارلیمانی عمل ہے، جس کے لیے آئین میں مقررہ طریقہ کار اور دو تہائی اکثریت درکار ہے۔
آزاد کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وہاں بروقت اور شفاف انتخابات کا انعقاد سب سے بڑا چیلنج تھا، تاہم یہ عمل پرامن انداز میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کے معاملے میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا فیصلہ حتمی تھا۔
سیاسی مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان متعدد مرتبہ اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں سیاسی استحکام اور درپیش مسائل کے حل کے لیے بات چیت ہی مؤثر راستہ ہے اور حکومت نے مذاکرات کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں۔






