تازہ ترین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز اور پولیس لائنز کا دورہ،جدید بکتر بند گاڑیوں اور بسوں کا معائنہ بھی کیا

پشاور-وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز اور پولیس لائنز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 49 ویں کامن کے 34 پولیس افسران کی ایف سی میں مدت پوسٹنگ مکمل ہونے پر الوداعی تقریب سے خطاب کیا۔

محسن نقوی نے نوجوان پولیس افسران کی خدمات کو ملک و قوم کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی امنگوں پر پورا اتریں اور نئی ذمہ داریوں اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مظلوموں کی داد رسی اور ظالموں کے خلاف سخت کارروائی کا پیغام دیا اور کہا کہ پولیس کو ہمیشہ انصاف کے لیے کھڑا رہنا ہوگا۔

اس موقع پر انہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز میں صفوت بلاک کا افتتاح کیا، میٹنگ ہالز، دفاتر اور جم کا دورہ کیا، اور جدید بکتر بند گاڑیوں اور بسوں کا معائنہ بھی کیا۔

آئی جی ایف سی نذیر احمد گاڑا نے وفاقی وزیر داخلہ کو ایف سی کی کارکردگی اور سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔

یہ دورہ پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور عوامی خدمت کے جذبے کو مضبوط کرنے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔