وزیراعظم کی فیلڈ مارشل کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد

اسلام آباد-وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہال آف فیم میں شامل ہونا پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیتیں اور دفاعِ وطن کے لیے غیرمتزلزل عزم قابلِ تحسین ہے، امن کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند کرنے میں فیلڈ مارشل کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز مسلح افواج کے بہادر جوانوں اور افسران کی جرات، لگن اور قربانیوں کا اعتراف بھی ہے، مسلح افواج پاکستان کی حفاظت کرتی ہیں، قوم کی ثابت قدمی اور غیرمتزلزل حمایت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے، اللہ تعالیٰ پاکستان کی رہنمائی فرمائے اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں میں برکت عطا فرمائے۔