پشاور- کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور ریجن نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے کی موجودگی پر علاقے میں آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 پستول، ایک دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے، دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو سے تین ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا، جبکہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے


