پمز سانحہ : وزیر اعظم کا اعلی سطحی انکوائری کمیٹی کے قیام کانوٹیفکیشن جاری

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پمز آتشزدگی واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی آتشزدگی کے فوری سبب اور واقعے کی مکمل ٹائم لائن کا تعین کرے گی، جبکہ ہسپتال کے عملے، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے ہنگامی ردعمل اور امدادی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کمیٹی نومولود بچوں، خصوصاً ہائی رسک نوزائیدہ بچوں کی منتقلی اور انخلا سے متعلق ہنگامی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ پمز میں فائر سیفٹی انفراسٹرکچر اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

واقعے میں کسی بھی فرد کی غفلت یا ذمہ داری کا تعین کرکے ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے گی، جبکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پمز کے انتظامی نظام میں ضروری اصلاحات کی سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔

انکوائری کمیٹی 48 گھنٹوں کے اندر فوری نوعیت کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، جبکہ مکمل تحقیقات اور قابلِ عمل سفارشات پر مشتمل جامع رپورٹ پانچ روز کے اندر پیش کی جائے گی۔

وزارتِ قومی صحت کو انکوائری کمیٹی کو فوری طور پر نوٹیفائی کرنے اور مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔