ن لیگ کی جانب سے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم نامزد ، کون ؟ جانئے

مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، تاہم پارٹی کے بعض مرکزی رہنماؤں نے اس فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے انتخاب کے حوالے سے مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں نئی حکومت کی تشکیل، آئندہ کے سیاسی امور، پارٹی حکمت عملی اور پارلیمانی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، نومنتخب اسپیکر چوہدری طارق فاروق، ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری اور رکن اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کے فیصلے سے اختلاف کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی رائے سے مرکزی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست کو ہوگا۔

بیرسٹر افتخار گیلانی حالیہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ ماضی میں مسلم لیگ ن کی کابینہ اور راجہ فاروق حیدر کے دورِ حکومت میں وزیر تعلیم بھی رہ چکے ہیں۔