خیبرپختونخوا اسمبلی کا اراکین کی مراعات سے متعلق ترمیمی بل منظور، اہم شقیں تبدیل

خیبرپختونخوا اسمبلی نے اراکین اسمبلی کی مراعات اور استحقاق سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا، جسے حکومتی رکن اکرام اللہ غازی نے ایوان میں پیش کیا تھا۔

منظور شدہ ترمیمی بل کے تحت اراکین اسمبلی کے لیے تاحیات بلیو پاسپورٹ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ بل کے مطابق بلیو پاسپورٹ صرف اس مدت تک مؤثر ہوگا جب تک متعلقہ فرد رکن اسمبلی رہے گا، جبکہ رکنیت ختم ہونے کے بعد یہ سہولت بھی ختم ہو جائے گی۔

ترمیمی بل میں اراکین اسمبلی کے لیے مفت اسلحہ لائسنسوں کی تعداد دوبارہ چار مقرر کر دی گئی ہے۔ ترمیم کے بعد ہر رکن اسمبلی چار مفت اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کا اہل ہوگا۔

بل کے تحت صحافیوں سے متعلق جرمانوں اور سزاؤں میں بھی نرمی کی گئی ہے۔ متن کے مطابق صحافیوں کی سزاؤں میں اضافے سے متعلق شق واپس لے لی گئی ہے، جس سے اس حوالے سے پہلے کی نسبت ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، خیبرپختونخوا اسمبلی نے فرسٹ شیڈول میں شامل بعض متنازع شقوں میں بھی ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔

ان ترامیم کے بعد اراکین اسمبلی کی مراعات، بلیو پاسپورٹ، مفت اسلحہ لائسنس اور صحافیوں سے متعلق قانونی شقوں میں اہم تبدیلیاں نافذ ہو گئی ہیں۔