پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے سابق وزیرِ اعظم اور بانی پی ٹی آئی کی جیل میں طبیعت خرابی یا زیرِ علاج ہونے سے متعلق تمام خبروں کی باقاعدہ تردید کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ اطلاعات بالکل بے بنیاد ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ہائی بلڈ پریشر یا کسی دیگر طبی وجہ کے باعث زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اور معتبر ذرائع سے مکمل تصدیق کرنے کے بعد ہی وہ ان خبروں کو رد کر رہے ہیں، اور اس صورتِ حال سے بانی کے اہل خانہ کو بھی مکمل طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تمام خبریں غیر مصدقہ ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور عوام پر زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت یا کسی بھی معاملے سے متعلق خبریں بغیر کسی رسمی تصدیق کے نشر یا شیئر نہ کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دونوں جیل میں ناحق قید ہیں۔ پارٹی ان کی فوری رہائی کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کی مناسب دیکھ بھال اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کا مسلسل مطالبہ کرتی ہے۔






