سپریم کورٹ میں مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے پر کام جاری

سپریم کورٹ میں مقدمات مقرر کرنے کے عمل کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے خودکار بنانے پر کام جاری ہے۔

سپریم کورٹ سیکریٹری ٹو چیف جسٹس مشتاق احمد نے میڈیا کو سپریم کورٹ سروسز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عدالتِ عظمیٰ مقدمات مقرر کرنے کا اختیار اے آئی کو منتقل کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اے آئی پالیسی کے تحت مقدمات کی سماعت کے لیے تاریخیں مقرر کرے گی۔

مشتاق احمد نے کہا کہ اے آئی کے ذریعے مقدمات مقرر کرنے سے اس عمل میں انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ مجموعی طور پر 35 سروسز فراہم کر رہی ہے، جن میں سے بیشتر کو آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ مزید 12 سروسز کو ڈیجیٹل بنانے پر کام جاری ہے۔

اس موقع پر سپریم کورٹ کے رجسٹرار سہیل لغاری بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب سے متعلق حالیہ فیصلے کے بعد مقدمات کی کیٹگریز بنانے کا عمل جاری ہے، جبکہ سپریم کورٹ میں اس وقت نیب سے متعلق تقریباً 300 مقدمات زیرِ التوا ہیں۔