عظمیٰ بخاری کا بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب آنے کا مشورہ، آئیں اور ہماری کارکردگی کا خود مشاہدہ کریں

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود آ کر صوبے میں ہونے والی ترقی کا مشاہدہ کریں، کیونکہ جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے حکومت کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنا دیا اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے جمہوری عمل کا احترام کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کا رویہ غیر جمہوری دکھائی دیتا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات افسوسناک ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے انتخابی مہم کے دوران سیاسی تلخی سے گریز کیا اور عوام نے میرپور ڈویژن میں پنجاب کی ترقیاتی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ دیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ 18 ماہ کے دوران پنجاب میں متعدد نمایاں ترقیاتی منصوبے مکمل یا شروع کیے گئے، جن میں ستھرا پنجاب پروگرام، بارشوں کے دوران بروقت نکاسی آب اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔ ان کے مطابق سندھ، خصوصاً کراچی میں ٹرانسپورٹ، صفائی، صحت، تعلیم اور امن و امان سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو مسائل کا سامنا ہے، جبکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے نتائج نمایاں ہیں۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو ایک بار پھر پنجاب آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں تاکہ زمینی حقائق ان کے سامنے آ سکیں۔