لاہور: مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کی بندش میں توسیع کی سفارش کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بھیجی گئی تجویز میں سفارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں 20 اگست کو بھی اسکول نہ کھولے جائیں۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
پی ڈی ایم اے نے تجویز دی ہے کہ سیلابی پانی مکمل طور پر اترنے اور حالات معمول پر آنے تک متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھی جائیں تاکہ طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید برآں، متاثرہ اسکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
اس مقصد کے لیے محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) خستہ حال اسکولوں اور سرکاری عمارتوں کا تفصیلی سروے کر کے اپنی رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گا۔






