ٹانک میں فتنہ الخوارج کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 15 سیکیورٹی اہلکار شہید، 12 دہشت گرد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے شدید دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
شہدا میں پاک فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری عہدیدار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹانک حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور سیکیورٹی ادارے پوری طاقت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ٹانک حملے میں شہید ہونے والے 15 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر اور سر کا تاج ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






