//

پاکستان کی سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت، مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب پر حملوں کی مذمت، مکمل یکجہتی کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے اس نازک صورتحال میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی اور دفاع کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ کی جانب حوثی گروپ کی طرف سے میزائل حملے کیے گئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے داغے گئے بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب فائر کیے گئے میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

دوسری جانب حوثی گروپ نے سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اس کے نتائج سامنے آئیں گے، جس کے بعد سعودی عرب پر یہ میزائل حملے کیے گئے۔

ادھر امریکی خبر رساں ویب سائٹ Axios نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یمن میں حوثی گروپ کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی صورت میں امریکی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ تاہم اس دعوے کی وائٹ ہاؤس یا سعودی حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close