ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کی صبح قطر، کویت، بحرین اور اردن میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں اور بارود سے بھرے ڈرونز سے حملے کیے گئے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ حملوں میں قطر کے العدید ایئر بیس سمیت متعدد امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی دعوے کے مطابق العدید ایئر بیس پر جنگی طیاروں کی مرمت کے مرکز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو نقصان پہنچایا گیا۔
دوسری جانب قطر کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے قطری فضائی حدود کی جانب آنے والے ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جس کے باعث کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم وزارتِ دفاع نے ایران کے نقصانات سے متعلق دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق کویت اور بحرین میں بھی امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی دعوے میں کہا گیا کہ کویت میں پیٹریاٹ دفاعی نظام، اسلحہ گودام اور ریڈار مرکز جبکہ بحرین میں امریکی فوج کے ریڈار اور مواصلاتی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ اردن کے پرنس حسن ایئر بیس پر کئی بیلسٹک میزائل داغے گئے، جہاں کمانڈ سینٹر اور ان ہینگرز کو نشانہ بنایا گیا جن میں امریکی ساختہ ایم کیو-9 ڈرون طیارے موجود تھے۔
ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے مزید فوجی کارروائی کی تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت دیا جائے گا۔
تاہم ایران کے ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ قطر کے علاوہ کویت، بحرین، اردن یا امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر ان حملوں یا ممکنہ نقصانات کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ان دعوؤں نے خطے میں تشویش میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






