ملتان: امیر جماعت اسلامی ملتان صہیب عمار نے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمت کم کرکے 225 روپے فی لیٹر مقرر کرے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو جنگ سے پہلے والی سطح پر لایا جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہونے سے عام آدمی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔
صہیب عمار نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں غریب عوام کی آواز بن کر کھڑی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ کی تو جماعت اسلامی چاروں وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کا گھیراؤ کرے گی۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی عیاشیاں بند کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کا جینا دشوار کر دیا ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے عوامی مشکلات میں واضح کمی آ سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





