اٹک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی مہاجر نشستیں کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے، اگر انتخابی نظام میں خامیاں ہیں تو انہیں دور کیا جائے، نظام کا خاتمہ مسئلے کا حل نہیں۔
اٹک میں شیخ آفتاب احمد کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ لازوال ہے اور دنیا میں شاید ہی کوئی قوم کشمیریوں سے بڑھ کر پاکستان سے محبت کرتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، تاہم ایسا احتجاج نہیں ہونا چاہیے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ ان کے مطابق سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات، برداشت اور مکالمے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن کا خواہاں ہے، جبکہ ملک کی دفاعی صلاحیت قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ غربت اور بے روزگاری صرف آزاد کشمیر نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مشترکہ مسئلہ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کشمیر سے کراچی تک قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






