سونے اور چاندی کی قیمت میں کمی،فی تولہ نرخ جانیے

پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 11 ڈالر کمی کے بعد 4,174 ڈالر فی اونس پر آ گئی ہے، جس کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1,100 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد ایک تولہ سونا 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے کا ہو گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 943 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے مقرر ہو گئی ہے۔

چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے اور فی تولہ چاندی 48 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 716 روپے پر آ گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 459 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے ہو گئی تھی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی گزشتہ روز سونے کی قیمت 122 ڈالر اضافے کے بعد 4,185 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھی، تاہم آج قیمتوں میں معمولی کمی کے بعد سونے اور چاندی کی مارکیٹ میں کچھ استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close