وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر نئی شرحوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر عائد لیوی بڑھ کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ اس کمی کے بعد ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کی نئی شرح 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ بدستور 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات پر عائد 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی بھی پہلے کی طرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں یہ ردوبدل ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں توانائی کے شعبے سے متعلق مالیاتی اہداف اور محصولات کے انتظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ نئی شرحوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






