اسلام آباد: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کو آزاد کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے بجائے انتخابی عمل میں حصہ لینا چاہیے تھا، کیونکہ سیاسی میدان خالی چھوڑنا کسی بھی جماعت اور اس کی قیادت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے دور سے لے کر آج تک تمام مشکلات کے باوجود جمہوری نظام کا حصہ رہی ہے اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اس لیے ایسے معاملات میں تصادم کے بجائے بات چیت ہی بہترین راستہ ہے۔ ان کے بقول ایکشن کمیٹی کو بھی لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور حکومت کو بھی مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے تاکہ مسائل خوش اسلوبی سے حل ہو سکیں۔
سردار تنویر الیاس سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ جب تک پارٹی میں رہے، اچھے انداز میں رہے اور پارٹی بھی انہیں ساتھ لے کر چلنا چاہتی تھی، تاہم معاملات آگے نہ بڑھ سکے۔
عوام میں جانے سے متعلق سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ جو لوگ آج یہ کہتے ہیں کہ عوام میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، اس روایت کی ابتدا بھی انہی لوگوں نے کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مکافاتِ عمل ہے، جیسے کریں گے ویسے ہی بھریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






