بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے

کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید کی اپیل پر صوبے بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ، مہنگی بجلی اور اووربلنگ کے خلاف جمعہ کو 400 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹھٹھہ، نواب شاہ، میرپورخاص، بدین، گھوٹکی، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کے صوبائی، ضلعی اور مقامی رہنماؤں، علما اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے خطاب کیا۔

مظاہرین نے سستی بجلی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے، ناجائز بلنگ بند کرنے، اضافی ٹیکس واپس لینے اور بجلی کے نرخ کم کرنے کے مطالبات پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

مقررین نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک شدید گرمی کے باوجود 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اووربلنگ، بدعنوانی اور طویل بجلی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو صارفین پر اضافی بوجھ ڈال رہی ہیں۔

رہنماؤں نے الزام لگایا کہ حکومت آئی پی پیز سے مہنگے معاہدوں کے ذریعے عوام پر مہنگی بجلی مسلط کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی، تھر کے کوئلے اور ونڈ پاور سے سستی بجلی کی پیداوار، کرپشن کے خاتمے اور بجلی کے نرخوں میں فوری کمی کو یقینی بنایا جائے۔

کندھ کوٹ میں احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار، تعلیم اور روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے، جبکہ بھاری بجلی بل عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔

کوٹری میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا کہ شہری علاقوں میں 15 سے 18 جبکہ دیہی علاقوں میں 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، جس سے گھریلو صارفین، کاروباری طبقہ اور طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

سکھر میں صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ حزب اللہ جکھرو نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں سے تجاوز کر چکا ہے، جس سے شدید گرمی میں عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

جماعت اسلامی کے مطابق شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، نواب شاہ، جامشورو، ٹنڈو آدم، بدین، ٹھٹھہ، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، کنری، مٹھی، رتوڈیرو، نوشہروفیروز، قمبر شہدادکوٹ، گھارو، مکلی، اسلام کوٹ، چھاچھرو، ہالا، سعید آباد اور دیگر متعدد شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں حکومت سے فوری ریلیف فراہم کرنے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close