پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ انٹر نیٹ سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو 5 میں خرابی دور کر دی گئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم “SEA-ME-WE 5” (SMW5) کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان بھر میں انٹرنیٹ ٹریفک معمول پر آ گئی ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق ایس ایم ڈبلیو 5 کیبل کی بحالی سے انٹرنیٹ کی اس معطلی کا خاتمہ ہو گیا ہے جس نے جمعرات کی رات سے صارفین کو متاثر کر رکھا تھا۔ کیبل کی مرمت اور بحالی کے بعد تمام انٹرنیٹ ٹریفک نارمل ہو چکی ہے اور سروسز حسب معمول کام کر رہی ہیں۔
انٹرنیٹ سروس میں یہ خلل ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث آیا تھا، جس سے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) کی بین الاقوامی آئی پی ٹرانزٹ کیپیسٹی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا تھا۔
سروسز کے تعطل کو کم سے کم کرنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا گیا تھا، جبکہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس نے کنیکٹیویٹی کی بحالی کے لیے ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر کام کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے اس پورے واقعے کے دوران ٹرانس ورلڈ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کیا اور سروسز کی جلد از جلد بحالی کے لیے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی۔
پی ٹی اے حکام نے اب تصدیق کی ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 کیبل کے مکمل فعال ہونے کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز مستحکم ہو چکی ہیں اور ٹریفک معمول پر آ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






