دبئی ورک ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم بغیر کسی قانونی اجازت کے غیر قانونی طور پر اوورسیز روزگار فراہم کرنے کا دھندہ چلا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے انسانی اسمگلروں اور جعلی ایجنٹوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ایک بڑی کارروائی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم قربان علی سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک اچھی ملازمتوں کا جھانسا دے کر لوٹتا تھا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم بغیر کسی قانونی اجازت کے غیر قانونی طور پر اوورسیز روزگار فراہم کرنے کا دھندہ چلا رہا تھا اور اس کے پاس حکومت کی جانب سے جاری کردہ ‘اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر’ کا کوئی لائسنس بھی موجود نہ تھا۔
ملزم قربان علی نے ایک شہری کو دبئی کا ورک ویزہ دلوانے کے نام پر دھوکے سے لاکھوں روپے وصول کیے تھے، تاہم رقم اینٹھنے کے بعد وہ روپوش ہو گیا۔
ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے باقاعدہ گرفتاری عمل میں لا دی ہے اور نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کا پتا لگانے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






