پی آئی اے طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

ملتان سے ریاض جانے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، جسے اچانک تکنیکی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ملتان سے سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والی پرواز میں دورانِ پرواز اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ ایئرلائن حکام کے مطابق طیارے میں 160 سے زائد مسافر سوار تھے جو مکمل طور پر محفوظ رہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 765 میں ہائیڈرولک سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کی اطلاع ملتے ہی کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی اجازت ملنے کے بعد کپتان نے مہارت سے طیارے کو صبح ساڑھے 9 بجے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔

پی آئی اے حکام کے مطابق لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو طیارے سے نکال کر ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا۔

بعد ازاں پی آئی اے انجینئرز نے طیارے کی خرابی دور کرنے پر کام شروع کیا اور مکمل معائنے کے بعد طیارے کو درست قرار دے کر مسافروں کے ساتھ کراچی سے ریاض کے لیے دوبارہ روانہ کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close