لاہور: معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ندیم مبارک عرف نانی والا کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمہ خارج کر دیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ ڈیفنس سی میں ٹریفک وارڈن انسپکٹر محمد فہد الرحمٰن کی مدعیت میں ندیم نانی والا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ، کارِ سرکار میں مداخلت اور سرکاری ملازم کو دھمکانے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ٹریفک اہلکاروں نے ایک لگژری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی کے ڈرائیور ندیم نانی والا نے گاڑی روکنے کے بجائے ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ندیم نانی والا کی لگژری گاڑی بھی ان کے گھر سے برآمد کرکے تھانے منتقل کر دی گئی۔ گرفتاری کے بعد انہیں حوالات میں رکھا گیا، جہاں انہوں نے رات گزاری۔
بعد ازاں انہیں کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا، جہاں مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ان کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔ عدالت سے رہائی کے بعد مقدمہ نمٹا دیا گیا۔
سماعت کے دوران یہ معاملہ بھی زیرِ بحث آیا کہ ملزم کو سرکاری گاڑی کے بجائے ان کی ذاتی گاڑی میں عدالت لایا گیا، جبکہ بعض تفتیشی افسران بھی اسی گاڑی میں عدالت پہنچے۔ تاہم عدالت نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ندیم نانی والا کی ضمانت منظور کر دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






