محسن نقوی کی روس سمیت 5 ممالک کے وزرائے داخلہ سے اہم ملاقاتیں، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی تعاون پر اتفاق

بشکیک میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے داخلہ اجلاس کے موقع پر روس سمیت پانچ ممالک کے وزرائے داخلہ سے اہم ملاقاتیں کیں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

روسی وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی واپسی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

تاجکستان کے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں، دہشت گرد کیمپس اور منشیات کی پیداوار سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ یہ مسائل پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں۔

ازبکستان کے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور مشترکہ تربیتی پروگراموں پر غور کیا گیا، جبکہ روابط بہتر بنانے کے لیے ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

کرغزستان کے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، جبکہ محسن نقوی نے کرغزستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ایس سی او اجلاس کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

قازقستان کے وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اور دونوں ممالک نے وزارت داخلہ کی سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close