کراچی:
کے الیکٹرک نے عیدالاضحی کے دوران شہریوں سے بجلی سے متعلق حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی کے دنوں میں احتیاطی اقدامات پر عمل کر کے حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہری قربانی کے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز یا دیگر برقی تنصیبات کے قریب نہ باندھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عید کے دوران بجلی کے کھمبوں یا تاروں پر آرائشی لائٹس، رسیاں یا جانوروں کے سائے کے لیے کسی قسم کا سامان نہ باندھا جائے۔ قربانی کرتے وقت بجلی کے انفراسٹرکچر سے مناسب فاصلہ رکھا جائے جبکہ دھاتی اوزار اور پانی استعمال کرتے ہوئے خصوصی احتیاط برتی جائے۔
کے الیکٹرک نے شہریوں سے اپیل کی کہ بجلی سے متعلق کسی بھی غیر محفوظ صورتحال کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 118، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یا کے الیکٹرک لائیو ایپ کے ذریعے دی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






