وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے پیر پیائی نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیت میاں گل رخ علی شاہ نے ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ ن میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔
میاں گل رخ علی شاہ کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کو نوشہرہ کی مقامی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، ان کا تعلق ایک معروف سیاسی و سماجی خاندان سے ہے، وہ خان بہادر شہزاد میر خان کی پرنواسی، میاں مخافظ شاہ کی پرپوتی اور میاں اصغر علی شاہ کی صاحبزادی ہیں، ان کے خاندان کو علاقے میں سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کے حوالے سے خاص مقام حاصل رہا ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے میاں گل رخ علی شاہ کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت، ترقی اور استحکام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت انتشار نہیں بلکہ سنجیدہ قیادت، معاشی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کی ضرورت ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح اور ملکی خوشحالی کو ترجیح دی ہے۔اس موقع پر میاں گل رخ علی شاہ نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے ایسی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے جو عملی کام، ترقی اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہو، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے علاقے کے عوام کی خدمت کے لیے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے بھرپور کردار ادا کریں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






