ملک گیر احتجاج کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بدترین مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مبینہ لاقانونیت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبات کے حق میں جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کے بعد باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔

اعلامیے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اپنے اعلامیے میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبینہ لاقانونیت کے خاتمے اور آئینی و جمہوری اصولوں کی بحالی کے لیے احتجاج ناگزیر ہو چکا ہے۔

اعلامیے کے مطابق جمعہ کے روز ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

تحریک کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close