نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں ریڈ زون کے اطراف عائد ٹریفک پابندیاں آج ختم کر دی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اہل پاکستان، خصوصاً اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے صبر اور تعاون پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ عوام کی حمایت نے مہمانوں کی حفاظت اور امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، اور حکومت ان مقاصد کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ وہ عوام کی مسلسل دعاؤں اور نیک تمناؤں کے طلبگار ہیں۔
اسلام آباد میں امن مذاکرات اور امریکا ایران مذاکرات کے باعث راولپنڈی میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات میں نرمی کر دی گئی، جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، جبکہ گڈز سروسز اور شہر کے داخلی و خارجی راستے بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد جانے والی میٹرو بس سروس اور راولپنڈی کے مختلف روٹس پر چلنے والی ای بسیں بھی مسافروں کی سہولت کے لیے دوبارہ چلائی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






