محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈرون کیمروں کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت مکمل پابندی برقرار رہے گی، جس کا اطلاق 25 مئی تک ہوگا۔
تاہم شادی ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ انڈور تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی تمام تر ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔
حکومتی اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، امن و امان کے قیام اور املاک کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






