ایران پر اسرائیلی حملے کی خبروں پر پاکستان کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے سے متعلق خبروں پر کہا ہے کہ ’ہم تاحال اس صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، جب ہمارے پاس مزید تفصیلات ہوں گی اور ایران اس پر بات کرے گا تو ہم اس پر بات کریں گے۔‘

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں قدرتی طور پر خطے کی صورت حال پر تشویش ہے۔ اسرائیل کا ایران کے سفارت خانے پر کیا گیا حملہ غیر ذمہ دارانہ تھا، پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔‘ان کے مطابق ’اسرائیل نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنے کے بجائے ڈھٹائی سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری رکھی ہے۔‘ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’یکم اپریل کو ایرانی قونصل خانے پر اسرائیل کے غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہ حملے سے پہلے سے ہی خطے میں عدم استحکام کی صورت حال ہے۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو خطے میں غلط مس ایڈوینچر سے روکا جائے۔‘

close