حسن اور حسین نواز کا وطن واپسی کا فیصلہ

لاہور(پی این آئی)حسن اور حسین نواز کا وطن واپسی کا فیصلہ۔۔۔۔۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز نے طویل عرصے بعد 12 مارچ کو بیرون ملک سے وطن واپس آنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دیئے جانے والے حسین نواز اور حسن نواز نے وطن واپسی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایون فیلڈ ریفرنس میں جاری دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست دائر کردی ہے، اس حوالے سے درخواست احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا کی عدالت میں دائر کی گئی۔

کیس کی سماعت کے موقع پر ان کے وکیل قاضی مصباح الحسن ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ’ 12 مارچ کو حسن اور حسین نواز نے پاکستان آنا ہے، دونوں عدالت کے سامنے پیش ہو کر خود کو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، اس لیے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں، ’دو مزید درخواستیں بھی ہیں ان پر بھی معطل کردیں، جن مین سے ایک فلیگ شپ ریفرنس میں نیب نے دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل واپس لے لی تھی اور العزیزیہ ریفرنس میں دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں‘۔۔۔۔۔۔۔جج ناصر جاوید نے ریمارکس دیئے کہ ’اس درخواست پر نوٹس کردیتے ہیں‘، جس پر قاضی مصباح الحسن نے استدعا کی کہ’ کل کے لیے نوٹس کردیں لاہور سے آنا ہوتا ہے‘، بعد ازاں عدالت نے کل کے لیے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نوازشریف کو ایون فیلڈ کیس میں بری کرچکی ہے جب کہ نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل بھی واپس لے لی، جس کی بنیاد پر عدالت نے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔۔۔۔۔۔۔۔

close