لاہور سے عازمین حج کی روانگی کب شروع ہو گی؟ تاریخ سامنے آ گئی

لاہور (آئی این پی)ڈائریکٹر حج اقرار احمد نے بتایا ہے کہ لاہور سے عازمین حج کی روانگی کے لئے فلائٹ آپریشن متوقع طور پر 20 اور 21 مئی کی درمیانی شب شروع ہو گا جو ایک ماہ تک جاری رہے گا۔گزشتہ روز عازمین کو مناسک حج کی تربیت دینے کے لئے منعقدہ پروگرام کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عازمین کو روانہ کرنے کے لئے حج آپریشن ون ونڈو سسٹم کے تحت مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر بینک اور ایئر لائنز اور دیگر متعلقہ محکمے ایئر کنڈیشنڈ مارکی میں اپنے کاؤنٹر لگائیں گے۔ عازمین حج کو ٹکٹ، پاسپورٹ اور دیگر سہولیات ایک ہی چھت تلے مہیا کی جائیں گی۔ زرمبادلہ حاصل کرنے کے خواہشمند عازمین بینکوں کے کاؤنٹر سے پاکستانی روپے کے عوض ریال حاصل کر سکیں گے۔ بینکوں کو حاجیوں کی ضرورت کے مطابق سعودی ریال کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے-دریں اثناء گورنمنٹ سکیم کے10 ہزار سے زائد عازمین حج کو مرحلہ وار مناسک حج ، مدینہ منورہ کی حاضری اور انتظامی امور کی تربیت دینے کے لئے حج ٹریننگ پروگرام الحمرا ہال میں شروع ہو گئے جو 17 مئی تک جاری رہیں گے۔ افتتاحی سیشن سے سابق کوآرڈینیٹر وزارت مذہبی امور سید فروغ آفتاب زیدی ،خان ، قاری محمد احمد، عدنان عطاری اور نیاز علی قادری،ڈائریکٹر حج لاہور اقرار احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مجیب اکبر شاہ نے خطاب کیا۔حج پر جانے والے خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

close