فیصل آباد میں 10 ایکڑ زمین الاٹ کرانے کا الزام، بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کیخلاف اینٹی کرپشن کا مقدمہ خارج

لاہور(آئی این پی)سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف اینٹی کرپشن نے مقدمہ خارج کر دیا،نجی ٹی وی کے مطابق فرح خان کے خلاف فیصل آباد میں غیر قانونی طور پر 10ایکڑ زمین الاٹ کرانے کا الزام تھا،مقدمے میں فرح خان کی والدہ بشری خان اور فیڈمک کے افسران بھی شامل تھے، زمین الاٹ کرانے کے لیے فرح خان اور ان کی والدہ کے نام پر کمپنی بنانے کا الزام تھا،مقدمہ ختم کرنے کے لیے تفتیش فیصل آباد سے لاہور منتقل کی گئی،

سابق ڈی جی رائے منظور ناصر کے ہوتے ہوئے تفتیش میں فرح خان کو بے گناہ قرار دیا گیا، رائے منظور ناصر کو 1 ماہ بعد تبدیل کر کے اریگیشن جیسے اہم محکمے کا سیکریٹری لگا دیا گیا، مقدمہ خارج کرنے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم نے حکم جاری کیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کے پاس ڈی جی اینٹی کرپشن کا اضافی چارج بھی ہے،مقدمہ ختم کرنے کے حکم کے بعد ڈائریکٹر ویجیلنس فائل لے کر فیصل آباد گئے،محکمہ اینٹی کرپشن کے ذرائع کے مطابق فرح خان اور ان کی والدہ بشری خان پر الزام ثابت نہ ہونے پر مقدمہ خارج کرنے کے لیے لکھا گیا،مقدمہ ختم کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا، مقدمہ خارج کر کے معاملہ فیڈمک اتھارٹی کو بھیجنے کا لکھا گیا ہے، اتھارٹی کا اختیار ہے کہ وہ الاٹمنٹ کو منسوخ بھی کر سکتی ہے۔۔۔۔

close